نئی دہلی،14/ جون (آئی این ایس انڈیا) کورونا بحران کے دوران آندھرا پردیش میں حکمراں اور اپوزیشن کے مابین سیاست زوروں پر ہے۔ ریاستی انتظامیہ نے بدعنوانی کے الزام میں ٹی ڈی پی کے دو بڑے رہنماؤں کو گرفتار کیا ہے۔
تیلگودیشم نے الزام لگایا ہے کہ جگن موہن حکومت تیلگودیشم لیڈروں کے خلاف انتقامی کارروائی کررہی ہے۔وائی ایس آر کانگریس کے جنرل سکریٹری وجئے سائی ریڈی نے ایک ٹویٹ میں دعوی کیا ہے کہ ٹی ڈی پی کے چیف چندرابابو نائیڈو ملک سے فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ وجئے سائی ریڈی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ چندرابابو نائیڈو نے ایک تاجر سے رابطہ کیا ہے جو ملک سے مفرور ہے، اور اس وقت لندن میں ہے، نائیڈو اس تاجر سے فرارہونے کا طریقہ دھونڈ رہے تھے۔
وائی ایس آر سی پی کے چیف وہپ جی سری کانت ریڈی نے کہا کہ چندرابابو بدعنوانی میں اپنے کردار کو بے نقاب ہونے سے خوفزدہ ہیں، اس لیے ان کی پارٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری پر ماتم ہے۔اسی کے ساتھ ساتھ وائی ایس آر کانگریس نے تفتیشی ایجنسیوں کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت ٹی ڈی پی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کررہی ہے بلکہ بدعنوانی کے ملزم کے خلاف ضرور اقدامات کرے گی۔ سری کانت ریڈی نے پوچھا کہ کیا چندر بابو نائیڈو بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ یا اپنے کردار کو منظر عام پر آنے سے خوفزدہ ہیں۔